ملک کو نفسیاتی جنگ کا شکار کیا جا رہا ہے، شاہ محمود
ملتان (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کو نفسیاتی جنگ کا شکار کیا جا رہا ہے، دشمنوں کی سازش ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلایا جائے،ذہنی طور پر پاکستانی قوم کو شکست خودرہ بنانا اس جنگ کی سازش ہے ، ضروری نہیں کہ ہر جنگ میزائل اور بارود سے لڑی جائے۔وہ بدھ کو درگاہ حضرت شاہ رکن عالم کے 706 ویں سالانہ عرس میں پہلے روز کی نشست کی صدارت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لسانی تعصب پھیلا کر انتشار پھیلایا جا رہا ہے ، ذہنی طور پر پاکستانی قوم کو شکست خودرہ بنانا اس جنگ کی سازش ہے ، ضروری نہیں کہ ہر جنگ میزائل اور بارود سے لڑی جائے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو اپنی بے کسی کا احساس ہو رہا ہے، ہمیں ہر خطہ میں یکجہتی کا پیغام دینا چاہیے ، اس سال ہمیں اپنے ملک کی قدر و قیمت کا احساس پہلے سے زیادہ ہوا ہو گا۔شاہ محمود نے کہا کہ ہندوستان کے مسلمانوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں، بھارت مذہبی آزادی کا دعوی کرتا ہے جبکہ مسلمانوں سمیت وہاں بسنے والی دوسری اقلیتوں کو مذہبی آزادی نہیں ، پاکستان ہمارے لئے بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء اور دو قومی نظریے کا دفاع بے حد اہمیت اختیار کر چکا ہے، بھارت نے اپنے آئین میں دے گئے حقوق کو بھی روند دیا ہے ، بھارت میں ہندو سوچ پروان چڑھائی جا رہی ہے۔