8 فروری کو عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے شیر دھاڑے گا،جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263 سے نامزد امیدوار جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ 8 فروری کو عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے شیر دھاڑے گا اور کوئٹہ سے پارٹی کلین سوئپ کرے گی پارٹی کے نامزد امیدواروں کی کامیابی کے بعد وفاق سمیت دیگر صوبوں حکومت بناکر عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بناکر مشکلات سے چھٹکارا دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈاکٹر ہارون کی جانب سے ان کی حمایت میں دیئے گئے منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہارون اور دیگر بھی موجود تھے جمال شاہ کاکڑ اور دیگر مقررین کاکہنا تھا پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی ملک اور قوم کو مہنگائی ، بے روزگاری ، بدامنی اور معاشی گرداب سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتی ہے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی روز بروز ملک
بھر کی طرح بلوچستان میں بھی مضبوط ہورہی ہے اور عوام پارٹی کے نامزد امیدواروں پر اعتماد کررہے ہیں جس سے ڈاکٹر ہارون نے اپنے 5 ہزار ووٹ مجھے اور دیگرامیدواروں کو دینے کا وعدہ کیا ہے جو قابل تحسین عمل ہے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ مسائل کے حل کے لئے کردار ادا کیا ہے اور 8 فروری کا سورج پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا اور شیر ہر طرف دھاڑے گا اس لئے شیر کی دھاڑ سے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ شب حلقہ پی بی 42 میں منعقدہ تقریب سے جمال شاہ کاکڑ ، پی بی 42 سے نامزد امیدوار زرک خان مندوخیل، پی بی 43 سے نامزد امیدوار نسیم الرحمن ملا خیل پارٹی کے صوبائی ترجمان چوہدری شبیر، جاوید اعوان ، زمان خان، ادریس تاج سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ ملک اور قوم کو مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے اس میں کوئی دورائے نہیں کہ پارٹی ایک بار پھر مشکل حالات میں میدان عمل میں نکل کر ملک کو معاشی، اقتصادی بحرانوں کے علاوہ مہنگائی، بے روزگاری ، بد امنی اور دیگر مسائل سے چھٹکارا دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی کیونکہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پارٹی نے ہر موقع پر اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا ہے آج بھی عوام کی امیدیں مسلم لیگ (ن) سے جڑی ہوئی ہے عوام کے ووٹوں سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان کو درپیش مسائل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے یہی ہمارا قومی فریضہ ہے اس میں کوئی دو رائے کہ نہیں کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے مسائل کے حل کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔