بھارتی انتخابات، پریانکا گاندھی اور نریندر مودی کا سامنا متوقع
نئی دہلی بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی اتر پردیش کی جنرل سیکریٹری اور کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی کی ہمشیرہ پریانکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف انتخاب لڑنے کا عندیہ دے دیا، راہول گاندھی کیرالہ میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں)کے حلقے وایاناڈ سے بھی انتخاب میں حصہ لیں گے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی اتر پردیش کی جنرل سیکریٹری اور کانگریس کے سربراہ راہول گاندھی کی ہمشیرہ پریانکا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف انتخاب لڑنے کا عندیہ دے دیا۔رسمی طور پر گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کی جماعت چاہے تو وہ واراناسی سے انتخاب لڑنے کے لیے تیار ہیں۔دوسری جانب کانگریس نے اعلان کیا ہے کہ راہول گاندھی کیرالہ میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں)کے حلقے وایاناڈ سے بھی انتخاب میں حصہ لیں گے۔واضح رہے کہ مارچ کے اوائل میں کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری کردہ انتخابی امیدواروں کی فہرست میں راہول گاندھی کو اتر پردیش کے حلقے امیٹھی سے امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔اس بارے میں ان کی جماعت کے سینئر رہنما اے کے انٹونی نے دوسری نشست کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے راہول گاندھی کو آگاہ کیا کہ جنوبی ریاستوں میں موجود کانگریس کے کارکنان کے جذبات نظر انداز کرنا درست فیصلہ نہیں ہوگا۔تاہم دوسری نشست کے اعلان سے قبل ہی بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی)نے کانگریس کے سربراہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ راہول گاندھی امیٹھی میں وزیر یونین ٹیکسٹائل سمرتی ایرانی سے شکست یاب ہوجائیں گے اس لیے اب وہ ایک محفوظ نشست کی تلاش کررہے ہیں۔