رشی کپور کی موت پر پاکستان فنکاروں کا اظہارِ افسوس

0 176

کراچی : بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈری اور سینئر اداکار رشی کپور کی موت پر پاکستانی فنکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز بالی ووڈ اداکار رشی کپور موذی مرض کی وجہ سے اِس دُنیا سے رخصت ہوگئے، اُن کی موت پر ناصرف بھارتی فنکار غمزدہ ہیں بلکہ پاکستانی فنکاروں نے بھی اُن کی موت پر افسردگی کا اظہار کیا ہے۔ معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انٹرٹینمٹ انڈسٹری نے ایک اور لیجنڈ کھودیا ہے، 2020 ہم سب کے لیے مصیبت زدہ سال ثابت ہو رہا ہے۔‘مہوش حیات نے لکھا کہ ’یہ سال سمجھا رہا ہے کہ زندگی کتنی نازک اور عارضی چیز ہے، اِس لیے ہمیں خوش رہنا چاہیئے، اپنے آس پاس کے لوگوں کا احترام کرنا چاہیے، اُن کی قدر کرنی چاہیے اور اُنہیں اُس وقت پیار دینا چاہیے جب وہ ہمارے ساتھ ہوں۔‘ماہرہ خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے لیے زندگی بہت چھوٹی تھی جبکہ آپ اِس سے بڑے تھے، آپ ہمیشہ ہمارے دِلوں میں رہیں گے۔‘ ماورا حسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’لوگ آپ کو کبھی بھی نہیں بھولیں گے، میں جب بھی آپ سے ملی ہم نے اُردو کی تعریف اور سرحد کے دونوں اطراف کے کھانوں پر وسیع گفتگو کی جو مجھے آج بہت یاد آرہی ہے، آپ لیجنڈ تھے اور رہیں گے۔‘حریم فاروق نے انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دو لیجنڈز، دو دن، ابھی تک یقین نہیں آرہا۔‘اداکارہ نے لکھا کہ ’رشی کپور ایک ایسے شخص تھے جنہوں نے کئی دہائیوں تک اپنی پرفارمنس سے اسکرین کو روشن کیا، آپ کا شکریہ، آپ ہمیشہ ہمارے دِلوں میں زندہ رہیں گے۔‘ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر رشی کپور کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کتنا بڑا نقصان ہے، یہ ایک انتہائی افسوس ناک بات ہے کہ رشی صاحب اب نہیں رہے۔‘اداکار نے لکھا کہ ’یہ تصویر اُس وقت کی ہے جب ہم رشی صاحب کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے اُن سے ملنے گئے تھے، وہ بہترین سے بہترین شخص تھے۔‘سونیا حسین نے بھی انسٹاگرام پر رشی کپور کی کچھ تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اسی لیے رشی کپور کی موت سے دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں افسردہ ہیں۔یاسر حسین نے بھی انسٹاگرام پر رشی کپور کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اُن کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.