لاک ڈاؤن کے باعث محنت کشوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں،صدر مملکت
اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے باعث محنت کشوں اور دیہاڑی دار طبقہ کو درپیش مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہیں، اس سال ہم محنت کشوں کا دن اپنے اس عزم کے اعادہ کے ساتھ منا رہے ہیں کہ محنت کشوں کی عظمت اور بنیادی حقوق کے لئے ان کی تاریخی جدوجہد پر ان کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں، یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد کا دن ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں ان کے قابل قدر حصہ کا اعتراف کا دن بھی ہے۔ ہفتہ کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کووڈ۔19 کی وجہ سے عالمی معیشت جمود کا شکار ہے اس وبا نے محنت کش طبقہ کو بری طرح متاثر کیا ہے،پاکستان سمیت دنیا میں لاکھوں لوگ اس وبا کی وجہ سے بے روزگار ہوئے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپنے محنت کشوں اور دیہاڑی داروں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہے، اس ضمن میں احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے جو انہیں فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ موجودہ حکومت کے دور میں محنت کشوں کے حقوق موثرطور پر محفوظ ہیں، انہیں اس پر بھی مکمل اعتماد ہے کہ حکومت محنت کشوں کی حالت سدھارنے کے لئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔اپنے بیان میں صدر پاکستاننے صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بہبود کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں ساتھ ہی اس موقع پر محنت کشوں اور ملازمین پر زور دیتے ہیں کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی علامت بنانے کے لئے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔