وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرین،ٹرمپ بنکر میں
واشنگٹن: امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے، اس سے پہلے وائٹ ہائوس کی سیکیورٹ کے کہنے پر ٹرمپ بنکرز میں چلے گئے تھے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں اتوار کی رات کو وائٹ ہائوس کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ منی ایپلس میں پولیس کے ہاتھوں ایک سیاہ فام شخص جارج فلوئیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف وائٹ ہائوس کے باہر پر تشدد مظاہرین نعرے لگا رہے تھے۔ واضح رہے کہ امریکہ میں گذشتہ چھ دنوں سے جارج فلوئیڈ کی ہلاکت کے خلاف پر تشدد مظاہرے جاری ہیں۔واشنگٹن ڈی سی اور ملک کے دوسرے بڑے شہروں میں مظاہرین کو روکنے کے لیے حکام نے اتوار کو کرفیو لگایا تھا۔وائٹ ہائوس کے باہر ہونے والے مظاہرے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو زیر زمیں بنکر میں لے جایا گیا۔امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے خبر دی ہے کہ مظاہرے کے دوران صدر ٹرمپ کو تھوڑی دیر کے لیے وائٹ ہائوس میں زیر زمین بنکر میں لے جایا گیا۔اخبار کے مطابق ٹرمپ تقریبا ایک گھنٹے تک بنکر میں گزارا۔ تاہم اخبار کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مظاہروں کے دوران امریکی صدر کی بیوی ملینا ٹرمپ کو بھی بنکر میں لے جایا گیا یا نہیں۔