پل گرنے سے ٹرین تباہ، 7 افراد ہلاک
روس کے مغربی علاقے بریانسک میں ایک اندوہناک ریل حادثے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثہ کلیموف سے ماسکو جانے والی مسافر ٹرین نمبر 86 کو اس وقت پیش آیا جب ایک پل اچانک منہدم ہو گیا۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ واقعہ سنگل ٹریک پر پیش آیا جہاں پل کے گرنے سے ٹرین کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ حادثے کے باعث قریبی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ مرنے والوں میں ٹرین ڈرائیور بھی شامل ہے، جبکہ درجنوں زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ غیر قانونی مداخلت (Sabotage) قرار دی جا رہی ہے، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے پر جاری کیا جائے گا۔ روسی وزارتِ ٹرانسپورٹ اور ریلوے حکام نے واقعے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پل گرنے کے ساتھ ہی زور دار دھماکہ ہوا اور ٹرین کی بوگیاں الٹ گئیں، جس کے بعد مسافروں میں چیخ و پکار مچ گئی۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر بھاری مشینری کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو نکالا۔
بریانسک کے گورنر نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے مالی امداد اور زخمیوں کے علاج کی یقین دہانی کرائی ہے۔
حادثے کے بعد اس ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل کر دی گئی ہے اور متعلقہ ٹریک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق سیکیورٹی اور تکنیکی جانچ مکمل ہونے تک اس راستے پر کوئی سروس بحال نہیں کی جائے گی۔