14 سالہ لڑکی کے معدے سے دنیا کا سب سے لمبا بالوں کا گچھا برآمد
14 سالہ لڑکی کے معدے سے دنیا کا سب سے لمبا بالوں کا گچھا برآمد
آگرہ/جے پور (ویب ڈیسک) — بھارتی ریاست اتر پردیش سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لڑکی کے معدے سے 210 سینٹی میٹر طویل بالوں کا گچھا نکالا گیا، جو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے طویل ٹریچو بیزوآر ہے۔ اسے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے لیے نامزد کیا جا رہا ہے۔
یہ پیچیدہ آپریشن جے پور کے ایک اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں نے دو گھنٹے میں مکمل کیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق اگر یہ گچھا آپریشن کے دوران ٹوٹ جاتا تو خطرناک پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی تھیں۔
ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ مریضہ پیکا (Pica) نامی نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے، جس میں مریض غیرخوراکی اشیاء مثلاً چاک، مٹی، بال یا ربڑ کھانے کا رجحان رکھتا ہے۔ مریضہ کے معدے سے نہ صرف بال بلکہ ربڑ بینڈ، لکڑی کے ذرات، دھاگے اور دیگر اشیاء بھی برآمد ہوئیں۔
والدہ کے مطابق یہ عادت بچی میں چھٹی جماعت سے شروع ہوئی تھی، جس نے بالآخر ایک خطرناک صورت اختیار کر لی۔ متاثرہ لڑکی کو مسلسل پیٹ درد، قے، بھوک کی کمی اور وزن میں کمی جیسے مسائل کا سامنا تھا۔
اس سے قبل 180 سینٹی میٹر طویل بالوں کے گچھے کا عالمی ریکارڈ موجود تھا، جو اب اس کیس کے بعد ٹوٹنے والا ہے۔
ماہرینِ نفسیات نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ اگر بچوں میں غیرمعمولی کھانے کی عادت یا نفسیاتی علامات ظاہر ہوں تو فوراً ماہرین سے رجوع کریں تاکہ بروقت علاج ممکن ہو سکے۔
یہ واقعہ نہ صرف ایک طبی معجزہ ہے بلکہ بچوں کی ذہنی صحت، نگرانی اور وقت پر مداخلت کی اہمیت کا بھی مظہر ہے۔