2 بچوں سے زیادتی اور قتل پر 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا، لاکھوں روپے جرمانہ
کراچی: انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دو کمسن بچوں کے اغوا برائے تاوان و زیادتی اور قتل کے مقدمے میں چار ملزمان کو پھانسی کی سزا کا حکم دیدیا۔کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دھشت گردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت نے دو کمسن بچوں کے اغوا برائے تاوان و زیادتی اور قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنادیا
۔استغاثہ جرم ثابت کرنے میں کامیاب رہا جس پر عدالت نے اغوا برائے تاوان اور قتل کا جرم ثابت ہونے پرچار ملزمان کو پھانسی کی سزا سنادی۔عدالت نے بچوں سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر 4 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنائی اور بچوں کے ورثا کو بیس لاکھ فی کس ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے جب کہ ملزمان پر مزید 50 ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
ملزمان میں قربان، ، رمضان عمران اور وسیم شامل ہیں۔ عدالت نے مفرور ملزم راجو کے دائمی وارنٹ جاری کردیئے۔استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 8 سالہ شہباز اور دس سالہ حسن کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کیا تھا۔ ملزمان نے بچوں کے والدین سے پچاس ہزار روپے تاوان طلب کیا تھا۔ ملزمان نے 2 بچوں کو قتل کرکے لاشیں الگ الگ مقام پر پھینک دی تھیں
۔ ملزمان کیخلاف اغوا برائے تاوان، قتل، زیادتی اور دہشتگردی دفعات کے تحت دو مقدمات سہراب گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے تھانوں میں درج کئے گئے تھے۔