بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے، چوہدری برجیس طاہر

0 166

شیخوپورہ پاکستان مسلم لیگ(ن)کہ مرکزی نائب صدرسابق وفاقی وزیر چوہدری برجیس طاہر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور مقبوضہ وادی میں کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب نہتے اور معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت شہیدنہ کردیا جاتا ہو۔برجیس طاہرنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی پامالی،نہتے کشمیریوں کی نسل کشی ،جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں اور درجنوں کالے قوانین کے نفاز کی صورت میں ایک المناک مثال بن چکا ہے انہوں نے کہاکہ صرف ایک سال کے دوران ہزاروں کشمیری نوجوانوں کوپیلٹ گن کے استعمال سے ان کی آنکھوں کو چھلنی کر کے تاحیات نابینا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج نے معصوم کشمیریوں کی زندگیوں کو ایک جیل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں انہیں آئے روز بھارتی قابض حکمرانوں اور قابض افواج کی جانب سے امتیازی کاروائیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔برجیس طاہر نے کہا کہ وہ غیور اور بہادر کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جوبھارتی بے پناہ مظالم کے باوجود اپنے حق خود ارادیت کے لیے آج بھی جانوں کی قربانیاں پیش کر رہے ہیں اورجنہوں نے اپنے جذبہ حق خود ارادیت میں مثالی عزم کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ جب وہ پچھلے ستر سال سے زائد عرصے سے اپنے بدترین پرتشدد ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کو نہیں دبا سکا تو آئندہ بھی اس کے پر تشدد و دیگر ہتھکنڈے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتے۔برجیس طاہر نے مزید کہا کہ آج کے مقبوضہ کشمیر کے حالات سے بین الاقوامی برادری کسی صور ت اپنی آنکھیں نہیں چراسکتی۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی پامالی ،کشمیریوں کی نسل کشی،اجتماعی قبروں اور پیلٹ گن سے چھنی کشمیری نوجوانوں کی آنکھوں کی جو تصاویر اور حقائق دنیا کے سامنے آ رہے ہیں ان کو عالمی دنیا کسی صورت میں نظر انداز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا اور بلخصوص سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کے سامنے آنے والے تازہ ترین حقائق سے دنیا کی رائے عامہ کشمیریوں کے حق میں تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور خود بھارت میں چند روشن خیال حلقے اس امر کو تسلیم کر رہے ہیں کہ کشمیری کسی صورت میں بھارتی ناجائز تسلط تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور یہ کہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کشمیریوں اور پاکستان سے مذاکرات کرنے پڑیں گے۔برجیس طاہرنے ایک با ر پھر بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اپنی روائتی ہٹ دھرمی سے ہٹ کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت کا حق دے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا دیرپا اور منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کا ضامن ہے جس سے اس خطے کے اربوں افراد کی زندگیوں کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام تر حالات میں مسئلہ کشمیر کے حل کہ لیے اپنی کوشش جاری رکھے گا اور ساتھ ہی کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی تحریک کی سفارتی،سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.