افغانستان میں زلزلہ: کئی گاؤں تباہ، ہلاکتیں 600 تک پہنچ گئیں

0 85

افغانستان میں گزشتہ رات آنے والے شدید زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اب تک 600 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان ننگرہار اور کنڑ صوبوں میں ہوا۔ ضلع نورگل کے کئی دیہات مکمل طور پر ملبے تلے دب گئے ہیں۔ اموات نورگل، سواکئی، واٹاپور، منوگی اور چپہ درہ اضلاع میں ہوئی ہیں، اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی سینکڑوں افراد ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی طے نہیں ہو سکی کیونکہ دور دراز علاقوں سے رابطہ ابھی جاری ہے۔ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے زلزلے کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تصدیق کی اور کہا کہ مقامی حکام اور لوگ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ساتھ ہی مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں۔

زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز جلال آباد شہر کے قریب اور 8 کلومیٹر زیر زمین تھا۔

زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے دیگر حصوں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد اور لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.