وسیم خان آسٹریلوی حکام کو 2021میں شیڈول دورہ پاکستان پراعتماد میں لیں گے
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان 13نومبر کو آسٹریلیا روانہ ہوں گے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق اس ٹور کے دوران کرکٹ آسٹریلیا کے حکام سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوگی، آسٹریلوی کی قومی ٹیم کا دورہ پاکستان 2021میں شیڈول ہے، وسیم خان سیکیورٹی معاملات پر حکام کو اعتماد میں لیتے ہوئے سیریز کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کریں گے۔دونوں ملکوں کی جونیئر و اے ٹیموں کے تبادلے اور نوجوان کرکٹرز کی ٹریننگ کیلیے آسٹریلیا میں سہولیات فراہم کرنے پر بھی بات ہوگی۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے آسٹریلیا میں موجود ہے جس کے بعد دو ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔