کوئٹہ ۔کراچی۔کوئٹہ کے درمیان چلنے والی بولان میل ٹرین تقریباً دو سال کے بعددوبارہ بحال کردی گئی
لاہور (پ۔ر)کوئٹہ ۔کراچی۔کوئٹہ کے درمیان چلنے والی بولان میل ٹرین تقریباً دو سال کے بعددوبارہ بحال کردی گئی۔ اس سلسلے میں کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خصوصی تقریب کا انعقادکیا گیاجس میںسینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین محمدقاسم رونجو اور ممبر قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ نے بولان میل ٹرین کا کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے افتتاح کیا۔تقریب میں ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری،سینیٹررانا محمود الحسن ،ایم پی اے باری بڑیچ نے شرکت کی اور ریلوے کی جانب سے ایڈیشنل جنرل منیجر ارشداسلام خٹک،ڈی جی پراپرٹی اینڈ لینڈحفیظ اللہ خان،ڈی ایس کوئٹہ ریلوے علی محمد آفریدی اور ایس پی ریلوے وزیر خان سمیت دیگر افسران موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے چیئرمین محمد قاسم رونجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بند ٹرینوں کا چلنابہت ضروری ہے۔
سڑکوں پر بڑھتے ہوئے حادثات کے پیش نظر ریلوے محفوظ سفر ہے مزید ریل گاڑیوں کو جلد چلایا جائے گاجبکہ کوئٹہ سے کراچی جانے والے مسافر بے حد خوش تھے کہ وہ اب بسوں کے خطرناک سفر سے بچ جائیں گے اور اپنے بچوں کے ہمراہ پرسکون طریقے سے سفر کریں گے۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے جو بھی وعدے کئے وہ پورے کئے ہیں۔ کوئٹہ میرا شہر ہے۔ کوئٹہ سے بوالان میل کی دوبارہ سے بحالی خوش آئند ہے۔ ٹرین غریب عوام کی سواری ہے جس میں پوری فیملی پرسکون طریقے سے سفر کرتی ہے اور مجھے خوشی ہوئی کہ آج بولان میل تقریباً دو سال بعد کوئٹہ سے دوبارہ بحال ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب کورونا کی صورتحال بھی بہتر ہونے سے ریلوے بحال ہورہی ہے۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ریلوے ٹریک کے لئے حکومت موثر پلان رکھتی ہے، تفتان روٹ پر بھی ٹرینیں چل رہی ہیں۔ جلد ہی کوئٹہ سے اکبر ایکسپریس بھی بحال کر دی جائے گی ،کورونا نے پوری دنیا کو متاثر کیا جس سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے ۔ بولان میل ٹرین پانچ اکانومی کلاس کوچز، ایک اے سی سٹینڈرڈ،ایک پاورپلانٹ اورایک بریک وین پر مشتمل ہے۔ جس میں 500 کے قریب مسافر سفر کرسکیں گے۔