ٹرانسپورٹروں کا کوچوں پر ڈکیتی اور فائرنگ کے واقعات پر احتجاج
کوئٹہ( پ ر) آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز ایکشن کمیٹی کے صدر حاجی حبیب اللہ بادیزئی، جنرل سیکرٹری میر اکبر لہڑی، نائب صدور حاجی موسیٰ جان اچکزئی، حاجی ولی خان دیگر عہدیداروں حاجی محمد ابراہیم ،حاجی علی محمد، حاجی سیف اللہ، حاجی شمس اللہ اور دیگر نے کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ائے دن ڈاکوؤں کی جانب سے وارداتوں اور مسافر کوچوں پر اندھادھند فائرنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اور کہا ہے۔ کہ ایسے لگتا ہے۔ کہ جیسے مسافر کوچوں اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ڈاکوؤں کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ڈاکو تسلی سے بے فکر
ہو کر وارداتیں کر کے باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ جو حکومت اور سیکورٹی اداروں کی جانب سے حفاظتی انتظامات کی دعوؤں پر سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے کہا۔ویسے تو تمام سکیورٹی ادارے دن بھر اور رات میں ہر دو میل کے فاصلے پر کوچ ڈرائیورز اور مسافروں کو بلاجواز تنگ کرنے کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ لیکن نہ جانے وارداتوں کے موقع پرکہاں غائب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا۔ کہ ہم نے حکومت اور سکیورٹی اداروں کے سربراہوں سے بار بار اس جانب توجہ دینے اور مکمل حفاظتی انتظامات کرنے کی استدعا کی ہے۔ مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا۔ کہ یہ وارداتیں اور مسافروں پر اندھادھند فائرنگ سے خدانخواستہ کبھی افسوسناک سانحہ رونما ہو سکتا ہے۔ گورنر بلوچستان، نگران وزیراعلیٰ، کور کمانڈر 12 کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اس جانب توجہ دیں۔ بصورت دیگر راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔