عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے والے ووٹ نہیں لے سکتے،جعفرمندوخیل ،جمال شاہ کاکڑ

0 97

کوئٹہ (پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل، جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ ، سابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی اور دیگر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر نیا پاکستان بنانے والوں اور روٹی کپڑا مکان کا نعرہ لگانے والوں نے جس نہج پر ملک کو پہنچایا ہے اس ڈوبتی ہوئی ناﺅ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف ہی نا خدا ثابت ہوں گے اس لئے آنے والے انتخابات میں عوام آزمائے ہوئے تبدیلی کے دعویداروں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدواروں کو کامیاب بنائیں تاکہ قوم میں پائی جانے والی مایوسی، معاشی اور اقتصادی بحران کو دور کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ میں گرینڈ عوامی شمولیت کے موقع پر منعقدہ جلسے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے شیخ جعفر خان مندوخیل، جمال شاہ کاکڑ، راحیلہ درانی، میر عطاءاللہ لانگو ایڈووکیٹ، میر بہادر خان لانگو، میر اسماعیل بنگلزئی، میر اسد اللہ لانگو، چوہدری شبیر احمد ، زرک خان مندوخیل، ملک انور نسیم کاسی ایڈووکیٹ، شاکر محمدحسنی سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ جلسہ میں سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، سابق سینیٹر ڈاکٹر اشوک کمار، میر ظفر اللہ قمبرانی، حیدر اچکزئی ، ملک ظاہر کاکڑ، نصیر اچکزئی، نثار اچکزئی، چوہدری محمد نعیم کریم، حاجی نور اللہ لہڑی، ارباب اقبال کاسی، جاوید احمد اعوان، ذاکر بنگلزئی ، نسیم الرحمن ملا خیل، حبیب الرحمان خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تبدیلی اور نئے پاکستان کا نعرہ لگا کر تباہی کے دہانے پر پہنچایا گیا اور آج پورا ملک اور عوام مہنگائی، بے روزگاری، مختلف مسائل کے گرداب میں پھنسے ہوئے ہیں عوام کی امیدیں مسلم لیگ (ن) سے جڑی ہوئی ہے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے 50 سال تک قوم کو اس نعرے سے ورغلا کر ان کے تن سے کپڑا اور منہ سے نوالہ چھین لیا اور اب اپنی غلطیوں کا خمیازہ دوسری جماعتوں پر ڈال رہے ہیں انہوں نے اپنے دور حکومت میں کوئی کام نہیں کیا۔ گزشتہ روز پاور شو کے نام پر لوگوں کو جھوٹے خواب دکھائے گئے اور شامل ہونے والوں میں ایک الیکٹیبلز شامل ہے جبکہ ہماری جماعت میں درجنوں الیکٹیبلز ، قبائلی شخصیات اور خواتین کی بڑی شامل بھی ہے ۔ سیاسی مخالفین کو ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت ایک آنکھ نہیں بھارہی ہے اس لئے وہ اپنی کارکردگی کی بجائے دوسروں پر تنقید کررہے ہیں مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹوں کی طاقت سے ایوان میں آکر بلوچستان کے ساحل و وسائل پر عوام کی حق حاکمیت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور سب سے پہلا حق بلوچستان کے لوگوں کا اپنے وسائل پر ہوگا اس کے بعد دوسرے لوگوں کا کیونکہ میاں محمد نواز شریف ہی ملک اور قوم کو اس مشکل صورتحال سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں اور عوام کی امیدیں بھی مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ہے ماضی میں بھی مسلم لیگ (ن) نے ہی قوم کو اندھیروں سے نکالا دہشت گردی کے چنگل سے نجات دلائی روزگار کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے مہنگائی پر قابو پایا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ بلوچستان بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہورہی ہے جس کا واضح ثبوت آج بلوچستان کے قبائلی ، سیاسی و سماجی شخصیات میر عطاءاللہ لانگو ایڈووکیٹ، میر بہادر خان لانگو، میر اسماعیل بنگلزئی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوئے ہیںاور جس طرح آئے روز مسلم لیگ (ن) میں خواتین سمیت بلوچستان کی قبائلی ، سیاسی و سماجی شخصیات جوق در جوق شامل ہورہی ہے یہ اقدامات کسی بھی سیاسی مخالفین سے برداشت نہیں ہورہے اس لئے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے لیکن ہم عوام کی خدمت کے جذبے سے حالات کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اور مسلم لیگ (ن) نے ہی اپنے دور میں ملک بھر میں موٹر وے کا اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے جس سے پوری قوم مستفید ہورہی ہے۔ اس موقع پر میر عطاءاللہ لانگو ایڈووکیٹ، میر بہادر خان لانگو، میر اسماعیل بنگلزئی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت کو مضبوط اور فعال بنانے کے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.