الیکشن کمیشن نے فریال تالپور سے پی ٹی آئی کی درخواست پر دوبارہ جواب طلب کرلیا
اسلام آباد (این این آئی)پیپلزپارٹی رہنما فریال تالپور کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کے دور ان الیکشن کمیشن نے فریال تالپور سے پی ٹی آئی کی درخواست پر دوبارہ جواب طلب کرلیا۔ پیر کوممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی ۔ وکیل فریال تالپور نے کہاکہ ہمیں سنے بغیر درخواست دوبارہ بحال کی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے کہاکہ آپ گزشتہ سماعت پر پیش کیوں نہیں ہوئے، آپکو 24 جنوری کو نوٹس جاری کیا تھا۔ وکیل فریال تالپور نے کہاکہ ہمیں کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا تھا۔ درخواست گزار ارسلان تاج نے کہاکہ فریال تالپور تاخیری حربہ استعمال کررہی ہیں۔الیکشن کمیشن نے فریال تالپور سے پی ٹی آئی کی درخواست پر دوبارہ جواب طلب کرلیا۔ وکیل فریال تالپور نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کی بحال کی گئی درخواست کو چیلنج کرنا چاہتے ہیں۔ ممبر پنجاب نے کہاکہ آپ جان بوجھ کر تاخیر کررہے ہیں، ابھی درخواست دیں ہم فیصلہ سنا دیتے ہیں ۔ وکیل فریال تالپور نے کہاکہ کیس کی تیاری کے لیے تھوڑا وقت دیا جائے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی ارسلان تاج اور رابعہ اظفر نظامی نے فریال تالپور کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔