ناقص اشیاءخوردونوش کیخلاف کارروائی،متعدد کو جرمانے
عید پر ناقص خوراک کی تیاری و ترسیل روکنے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی متحرک، بیکریوں ، نمکو کارخانوں اور قلفی مینوفیکچرنگ یونٹس سمیت مختلف خوراک کی مراکز کی چیکنگ کے دوران قوانین کی شدید خلاف ورزیوں پر کوئٹہ میں 1 مشروبات کا پروڈکشن یونٹ سربمہر جبکہ 20 سے زائد مراکز پر جرمانے عائد کردئیے گئے ۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق سبزل روڈ میں سیل کردہ یونٹ میں مشروبات کی تیاری میں زیر استعمال کیمیکلز ایکسپائرڈ ، کلرز غیر معیاری ، اسٹوریج کنٹینرز نان فوڈ گریڈ ، صفائی کے انتظامات انتہائی ابتر اور تمام پراڈکٹس غیر رجسٹرڈ شدہ پائے گئے ۔ غیر قانونی یونٹ کو سیل کرتے ہوئے مالکان کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ۔علاوہ ازیں کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں انسپیکشن کے دوران 1 قلفی مینوفیکچرنگ یونٹ اور 1 نمکو کارخانہ سمیت 9 مراکز کے خلاف ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایکشن لیا گیا۔ مزید برآں ناقص کھانے پینے کی اشیاء کے تدارک کیلئے جاری کاروائیوں کے دوران لورالائی میں 6 ، سبی میں 2، پنجگور میں 2 اور ژوب میں 3 خوراک کے مراکز مالکان کو جرمانہ کیا گیا، کاروائیوں کے دوران مراکز سے پکڑی گئیں زائد المعیاد و پابندی عائد اشیاء کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر عوام کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائیں گے، اس مقصد کیلئے اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیمیں کوئٹہ شہر سمیت مختلف اضلاع میں مسلسل سرگرم عمل ہیں ، کھانے پینے کے مراکز کے علاوہ فوڈ آئٹمز کے کارخانوں اور ڈسٹریبیوشن یونٹس پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ غیر معیاری و مضر صحت خوراک کا تدارک یقینی بنایا جاسکے۔