پرنٹ میڈیا کے مطالبات کو وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرونگا، عبیداللہ گورگیج
کوئٹہ (پ ر ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے وفد کی پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری میر عبیداللہ گورگیج سے ملاقات ۔ ایکشن کمیٹی کے وفد میں جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین ، رضوان ہاشمی،مدثر ندیم ،سہیل جلال انصاری اور کبیر کاکڑ شامل تھے ۔ ملاقات کے دوران ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری میر عبیداللہ گورگیج کو اخباری صنعت کو درپیش مسائل خصوصاً حکومت کی جانب سے اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے ،اخبار مارکیٹ کے فنڈز کی کمی اور دیگر مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پرنٹ میڈیا بلوچستان کے تعلیم یافتہ طبقے کو اپنی استعداد کے مطابق روزگار فراہم کررہا ہے ،صوبے کی واحد صنعت سے ہزاروں خاندان وابستہ ہیں جبکہ صوبے میں پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے اخبارات و جرائد کا انحصار صرف حکومت کی جانب سے جاری ہونیوالے اشتہارات پر ہی ہے ایسی صورتحال میں اگر حکومت کوئی ایسا فیصلہ کرے گی تو پوری صنعت بندش کا شکار ہوجائےگی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری میر عبیداللہ گورگیج کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے ہیں عوام کو سہولیات کی فراہمی اور وسیع تر روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے ایکشن کمیٹی کے وفد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پرنٹ میڈیا کے مطالبات کو وزیراعلیٰ بلوچستان کو پیش کرونگا انہوں نے اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھائے گی جس سے کسی صنعت کو نقصان پہنچے ۔