بلوچستان کے اخبارات و جرائد کیلئے آواز بلند کرینگے، اسلم بلوچ

0 59

کوئٹہ (پ ر ) ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا علامتی احتجاجی کیمپ جاری رہا ۔ نیشنل پارٹی، بلوچستان بار کونسل ،مظلوم اولسی تحریک نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی ۔نیشنل پارٹی کے وفد میں صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ ،سیکرٹری اطلاعات علی احمد لانگو، بی ایس او پجار کے چیئرمین اور دیگر پارٹی رہنماﺅں نے شرکت کی ۔ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے وفود کو حکومت کی جانب سے اشتہارات کوحکومت کی جانب سے BPPRA پر منتقل کرنے کی کوششوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر چیئرمین اسلم بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مقامی اخبارات و جرائد سے ہزاروں افراد وابستہ ہیں نیشنل پارٹی کسی بھی ایسی پالیسی کو تسلیم نہیں کرے گی جس سے مقامی صنعت کو نقصان پہنچے ۔ چیئرمین اسلم بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے ہر مسئلہ کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے اور ہمیشہ صوبے کے مسائل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے آئندہ بھی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان کے اخبارات و جرائد کیلئے آواز بلند کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں ایسے حالات میں پوری صنعت کی بندش سے بحرانی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے ،نیشنل پارٹی بلوچستان کے پرنٹ میڈیا کیساتھ کھڑی ہے ۔دریں اثناءبلوچستان بار کونسل کے نائب صدر راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ ،عبدالحکیم زرین ایڈوکیٹ ،سینئر ایڈوکیٹ عبدالہادی خان ترین اور دیگر وکلاءنے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کی ۔ بلوچستان بار کونسل کے نائب صدر راحب خان بلیدی کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی ہے کہ صحافتی اداروں کو پیکا ایکٹ کے بعد اب معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے ،حکومت ایک ٹیلی فون کال کیلئے سگنل فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے اور دوسری جانب ڈیجیٹلائزیشن کے نام پر پرنٹ میڈیا کو بھی راستہ سے ہٹانے کی مذموم کوشش کررہی ہے جسکی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان بار کونسل صوبے کے اخبارات و جرائد کیساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور مطالبات کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ دریں اثناءمظلوم اولسی تحریک پاکستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری اسلم اچکزئی نے اظہار یکجہتی کیلئے شرکت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اشتہارات کوBPPRA پر منتقل کرنے سے صوبے کی واحد صنعت بند اور ہزاروں افراد بیروزگاری کا شکار ہوجائیں گے ،ہم حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ پالیسیوں پر نظرثانی کی جائے جبکہ مظلوم اولسی تحریک پاکستان ایکشن کمیٹی اخبار صنعت بلوچستان کے مطالبات کی مکمل حمایت اور تائید کرتی ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے اخبارات وجرائد کیلئے مختص بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.