زلمے خلیل زاد کے دورہ پاکستان پر امریکی سفارتخانے کا اعلامیہ
اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد کے دور پاکستان سے متعلق امریکی سفارتخانے کی طرف سے اعلامیہ جاری کردیا گیاہے۔ امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے یکم اور دو اگست کو اسلام آباد کا دورہ کیا اور انہوں نے پاکستانی قیادت سے افغان عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا ۔امریکی سفارتخانے کے اعلامیے کے مطابق زلمے خلیل زاد نے وزیراعظم پاکستان ، عمران خان ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں میں مثبت پیش رفت اور مستقبل کے اقدامات، افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار پر بات چیت ہوئی ۔ اس سلسلے میں پاکستان کیا اضافی اقدامات اٹھا سکتا ہے اس پر بھی بات کی گئی ۔امریکی سفارتخانہ کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ زلمے خلیل زاد نے افغانستان اور پاکستان کی سرزمین کو ایک دوسرے کے امن کے خلاف استعمال نہ ہونے دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ایسی یقین دہانیوں سے افغان امن عمل مثبت سمت میں آگے بڑھے گا ۔