ڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، ریاست بھی محفوظ نہیں، عظمیٰ بخاری
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہاں پر تو ریاست محفوظ نہیں ہے، یہاں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ڈیجیٹل دھشت گردی ہو رہی ہے، کیپیٹل ہل پر حملہ ہوا تو ملزم کو سال سال کی سزا دی گئی، ہمارے ملک میں کہا جاتا ہے جو مرضی ہو رہا ہے ہونے دیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا آزادی اظہار رائے کی آڑ میں غلط استعمال کیا جاتا ہے، اب سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا استعمال رولز ریگولیشنز کے تحت کیا جائیگا. ہم سوشل میڈیا کیخلاف نہیں ہیں،
پوری دنیا میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ ریگولیٹ ہوتے ہیں، پاکستان میں بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ رولز کے مطابق ریگولیٹ ہونے چاہئیں۔لاہور ھائیکورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کس رول کے تحت چل رہے ہیں، دنیا بھر میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے رولز ہیں، پاکستان میں ہر کوئی کسی بھی طرح کی پوسٹ کر رہا ہے کوئی روکنے والا نہیں۔انکا کہنا تھا کہ کوئی ملک ایسے نہیں چلتا جیسے ہم پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں،
امید ہے لاہور کے چیف جسٹس ھائیکورٹ اپنی ذمہ داری کو پورا کرینگی، چیف جسٹس صاحبہ نے جو آج سوالات اٹھائے وہ پارلیمان اور دیگر اداروں کے لیے بھی ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج اوورسیز انقلابی بنے ہوئے ہیں، یہ کوئی طریقہ ہے کہ پاکستان کے اداروں کو کچھ بھی کہہ لیں گے،
آزادی اظہار رائے کے نام پر پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں، اداروں کے سربراہان کی تصاویر لگا کرڈیجیٹل دہشتگردی ہو رہی ہے، رولز اور ریگولیشن کے بغیر کوئی سوشل میڈیا سائٹ نہیں چلنی چاہیے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں پر ریلیف کے حوالے سے وفاقی حکومت پلان کر رہی ہے، اویس لغاری بتا رہے تھے وزیراعظم خود ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب 100 سے 200 یونٹ والوں کو مفت سولر پینل اور بیٹری سمیت پورا پینل دینگی، 2سو سے 5 سو یونٹس والے پروٹیکٹڈ صارفین کو دس فی صد پر سولر پینل ملینگے، نوے فیصد پیسے حکومت ادا کریگی.