قومی اسمبلی میں اسماعیل ہنیہ کے قتل اور اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
قومی اسمبلی نے سربراہ حماس اسماعیل ہنیہ کے قتل اوراسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اورسربراہ حماس اسماعیل ہنیہ کے قتل کیخلاف قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کی۔ ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اسرائیلی مظالم کو مسترد کرتا ہے اور فلسطینی عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ اسرائیلی مظالم کے باعث چالیس ہزار سے زائد فلسطینی شھید ہوچکے ہیں۔ قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے فلسطین میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ پاکستان ہر قسم کی دھشتگردی کی مخالفت کرتا ہے اور اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتا ہے۔