کوئٹہ ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہاہے کہ محرم الحرام سے متعلق سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے
کوئٹہ ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہاہے کہ محرم الحرام سے متعلق سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے،7ویں محرم کے جلوس کیلئے3ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے جبکہ یوم عاشورہ کے دن 5ہزار 200اہلکار جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے تعینات ہونگے ،جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائیگی جبکہ پاک فوج کے تین بیٹالین اسٹینڈ بائی رہیںگے،محرم الحرام کے دوران تھریٹس زیادہ ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز شیعہ کانفرنس کے رہنمائوں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کاکہناتھاکہ کوئٹہ میں 56امام بارگاہوں اور 16تکیہ خانوں کی حفاظت کیلئے 23سو سیکورٹی اہلکار تعینات کردئیے گئے ہیں بلکہ حساس علاقوں میں امام بارگاہوں ودیگر کے باہر واک تھرو گیٹس نصب کئے گئے ہیں ،انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوسوں اور دیگر کی سیکورٹی کے پلان کو حتمی شکل دیدی گئی ہے 6سے 9محرم الحرام تک درجن سے زائد جلوس برآمد ہونگے جنہیں فول پروف سیکورٹی دی جائیگی 7ویں محرم الحرام کی جلوس کی حفاظت کیلئے 3ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہونگے بلکہ اس سے قبل روٹ کو سیل کردیاجائے گا اور روٹ کے قریبی عمارتوں اور دیگر مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیاجائے گا،انہوں نے کہاکہ یوم عاشورہ کے دن جلوس کے راستوں پر5ہزار2سو پولیس ،اے ٹی ایف ،سی ٹی ڈی اور دیگر اہلکار تعینات ہونگے اس کے علاوہ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے دن 2ہزار رضا کار سیکورٹی پروسس کی معاونت کرینگے ،انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے دوران زیادہ تھریٹس موجودہیں لیکن ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ امن وامان کی صورتحال کو برقراررکھاجاسکے ،عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے ہمیشہ سے ہی گراں قدر خدمات انجام دی ہیں بلکہ اس سلسلے میں قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے ۔