ملک کا ایک تہائی حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے،ثمینہ ممتاززہری
حب (پ ر)حکومت بلوچستان کی فوکل پرسن برائے سیلاب متاثرین امداد سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ بہادر قوم بارشوں اور سیلاب سے پیدا شدہ مشکلات پر جلدہمت و حوصلے سے قابو پا لے گی ۔ملک کا ایک تہائی حصہ حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوا ہے ۔سب سے زیادہ صوبہ بلوچستان متاثر ہوا ہے جبکہ بلوچستان میںسب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع لسبیلہ ہے ۔بطور سینیٹر لسبیلہ کے سیلاب زدگان کیلئے وزیراعظم پا کستان سے خصوصی ریلیف پیکیج کی منظوری دلانے کی بھرپورکوشش کروں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع لسبیلہ کی سیلاب سے متاثرہ تحصیل بیلہ کے گاﺅں کاٹھور ، چنال گوٹھ ، موضع ڈان کے دورہ کے موقع پر کیا۔ دورہ کے دوران وہ بے گھر ہونے والے سیلاب متاثرین سے ملیں اور 200 سے زائد خاندانوں کی دادرسی کی۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میںراشن
، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروری اشیاءتقسیم کیں۔ وہ سیلاب متاثرہ خواتین میںگھل مل گئیں۔ متاثرین نے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری تن تنہا اس مشکل وقت میں ہمارے پاس امداد لے کر پہنچی ہیں ۔ اللہ تعالیٰ انہیں مزید ہمت و استقامت دے ۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہم جو کام کر رہے ہیں صر ف اور صرف اللہ کی رضا کے لئے کر رہے ہیں اس میں ہمارا کوئی کمال نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس کام کے لئے چنا ہے اور اللہ ہی ہم سے یہ کام کروا رہا ہے ۔متاثرہ علاقوں میں خوراک کے ساتھ ساتھ سب سے اہم مسئلہ پینے کے صاف پانی کا ہے ۔ صاف پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے بیماریاں پھوٹنے کا شدید خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا بلوچستان حالیہ طوفانی اور تبا ہ کن بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے اور بلوچستان کے عوام کی فوری امداد اور بحالی کے لئے بلا تعصب رنگ و نسل بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے متاثرین سے امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے معلومات حاصل کیں ۔سیلاب متاثرین نے انہیں بتایا کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت عارضی طورپر بنائی گئی جھگیوں میں پناہ لئے ہوئے ہیں ۔انتظامیہ محدودوسائل کیساتھ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔متاثرین نے کہا کہ سیلاب کی وسیع پیمانے پر تباہ کاریوںسے ان کے گھر بار ذرائع اور روزگار سب کچھ ختم ہو چکا ہے دوبارہ بحالی اور آبادکاری کیلئے وفاق اور صوبے مل کر ہماری بحالی کے لئے کردار ادا کریں ۔اس موقع پر سینیٹر ثمینہ ممتاز نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اورمتاثرہ علاقوں میں نقصانات کے ازالے کیلئے وہ بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گی بلوچستان کے سیلاب زدہ لوگ جس کرب اور دکھ سے گزررہے ہیں ہمیں اس کا پورا احساس ہے ۔حکومت اور پاک فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ملکر سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بطور سینیٹر وہ لسبیلہ کے سیلاب زدگان کیلئے وزیراعظم پا کستان سے خصوصی ریلیف پیکیج کی منظوری دلانے کی کوشش کریں گی ۔اس سلسلے میں بلوچستان عوامی پارٹی اتحادی جماعتوں کیساتھ ملکر کوششیں کررہی ہے ۔موجودہ حالات میں ہمیں انتظامیہ اور پاک فوج کی سروے ٹیموں کیساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے اعلانات کے مطابق جلد ازجلد عملدرآمد ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ بارشیں تھم گئی ہیں اورتماام متاثرین تک امداد تیزی سے پہنچ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو اور تمام حکومتی مشنری متعلقہ ادارے اپنا کام خوش اسلوبی سے کر رہے ہیں ۔ امدادی سرگرمیوں میں پاک آرمی ، فضائیہ ، نیوی اور ایف سی کا کردار نہایت اہم ہے جو مسلسل حکومتی مشنری کے ساتھ مل کر صوبے کے مختلف حصوں میں مدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں اور دن رات متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانے اور بحالی کے کام میں مصروف عمل ہیں تاکہ جلد از جلد تمام متاثرین کی داد رسی ہو سکے ۔