ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کیلئے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے۔پیر سید عنایت علی شاہ باچا

0 91

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق تحریک عشق مصطفیٰ کے سربراہ پیر سید عنایت علی شاہ باچا المعروف موتیوں والا سرکار نے کہا کہ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا حامل مہینہ ہے کیونکہ اس مہینے نبی آخرالزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی، جو انسان کامل، ہادی عالم اور وجہ تخلیق کائنات ہیں،ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے کلیدی اہمیت کا حامل مہینہ ہے، اس ماہ مبارک میں ہی حضورانور سرور کونین حضرت محمدﷺ کو دنیا کو اندھیروں سے نکالنے کیلئے بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری دنیا کے لئے نمونہ بن کر آئے، وہ ہر شعبے میں اس اوج کمال پر فائز ہیں کہ ان جیسا کوئی تھا اور نہ ہی آئندہ آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ایک خوشی کا دن ہے جو دنیا بھر میں مسلمان مناتے ہیں، یہ دن حضور اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت کی مناسبت سے منایا جاتا ہے۔ یہ ربیع الاول کے مہینے میں آتا ہے جو اسلامی تقویم کے لحاظ سے تیسرا مہینہ ہے۔ ویسے تو میلاد النبی اور محافلِ نعت کا انعقاد پورا سال ہی جاری ی رہتا ہے لیکن خصوصاّ ماہِ ربیع الاول میں عید میلاد النبیﷺ کا خوشی پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔یکم ربیع الاول سے ہی مساجد اور دیگر مقامات پر میلاد النبی اور نعت خوانی ( مدحِ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم) کی محافل شروع ہو جاتی ہیں جن علماء کرام آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت، آپ کی ذات مبارکہ اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ اسی طرح مختلف شعراء اور ثناء خواںِ رسول آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں نعتیہ گلہائے عقیدت اور درود و سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارہ ربیع الاول کو تمام اسلامی ممالک میں سرکاری طور پر عام تعطیل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، کوریا، جاپان اور دیگر غیر اسلامی ممالک میں بھی مسلمان کثرت سے میلادالنبی اور نعت خوانی کی محافل منعقد کرتے ہیں جو قابل تعریف ہے۔یاد رہے کہ چھ ستمبر بروز ہفتہ جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا جلوس میلاد ہاؤس گلبہار نمبر ایک سے نکالا جائے گا اور جلوس مختلف راستوں سے ہو کر حضرت شیخ جنید پشاوری رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر اختتام پذیر ہوگا، اختتامی دعا کے بعد وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.