تعلیمی درس گاہوں میں حیا سوز محفلیں ناقابل برداشت ہیں،عبدالرحمن رفیق
جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سنئیر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ مولانا محمد اشرف جان مفتی غلام نبی محمدی حافظ عبد الحق حقانی مولانا حکیم حبیب اللہ حاجی محمد شاہ لالا حافظ مسعود احمد حافظ سراج الدین مفتی رحمت اللہ حاجی صالح محمد مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر نے کہا تعلیمی درس گاہوں میں حیا سوز محفلیں ناقابل برداشت ہیں، نوجوانوں کے سامنے دختران قوم کو نچوانا غیرت وہمیت پر زور دار طمانچہ ہے، صوبے کی نامور یونیورسٹیوں میں مخلوط پروگراموں کے اندر مرد وزن کیلئے گناہ اور بے راہ روی کا ماحول بنانا اسلامی تعلیمات سے کھلی بغاوت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیئے، کیوں کہ اسلامی اور قبائلی معاشرے میں یونیورسٹی رقص و سرود کی محفلیں سجانا اور اخلاق سوز سر گرمیوں سے معماران قوم کی ذہنی اور اخلاقی کر دار سازی کی بجائے فحاشی ،عریانی اور مغربی تہذیب کے راہ پر ڈالتی ہے جو شعائر اسلام اور پشتون بلوچ روایات اور آئین پاکستان کے یکسر منافی ہے ۔ ایسے حالات میں بچوں کی شحصیت سازی ضروری ہے نہ کہ مخلوط بے ہودہ ناچ گانے سے منفی افکار کو فروع دیا جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ ایسے بے ہودہ اورلغو اقدامات سے باز نہ آئی تو جمعیت علمائے اسلام راست اقدام کیلئے کوئٹہ کے عوام کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کراکے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف زبر دست احتجاجی کریں گے، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جامعات علم کے نور پھیلانے کی بجائے ظلمت پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس حوالے سے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ صوبائی اور مرکزی قیادت سےبات کرکے اسلامی تہذیب کی دھجیاں اڑانے والوں کے خلاف لائحہ عمل طے کرے گی۔