پی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے سے ’’ہاتھ ‘‘کر رہی ہیں : چوہدری محمد سرور
لاہور (ویب ڈیسک) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتیں ایک دوسرے سے ’’ہاتھ ‘‘کر رہی ہیں ہر اپوزیشن جماعت بس اپنا ’’فائدہ ‘‘چاہتی ہے مگر حکومت کر پشن کر نے والوں کو کوئی رعایت اور معافی نہیں د ے گی ان کو حساب دینا ہی پڑے گا ،انشاء اللہ سینیٹ اور عام انتخابات دونوں اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔وہ گور نر ہائوس میں صوبائی وزیر زکوۃ وعشرہ شوکت علی لالیکا سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے
۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں نے ملک کو معاشی سمیت دیگر مسائل سے دوچار کیا مگر وزیر اعظم عمران خاں جب اقتدار میں آئے تو اپنی کامیاب حکمت عملی کے ذریعے ملک کو معاشی طور پر دوالیہ ہونے سے بچایا۔ آج معاشی سمیت تمام ادرے پاکستان کی معاشی ترقی اور خوشحالی کا اعتراف کررہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان آج جب کامیابی سے آگے جارہا ہے تو اپوزیشن کو یہ برداشت نہیں ہورہا اسی وجہ سے پی ڈی ایم کبھی احتجاج اور کبھی استعفوں کی دھمکیاں دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ِانشا اللہ اپوزیشن کے تمام عزائم ناکام ہوں گے اور عمران خان بطور وزیر اعظم اور حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی
۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں اس لئے اپوزیشن جماعتیں حکومت کے بارے میں جتنے مرضی خواب دیکھتی رہیں وہ پورے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے اور اپوزیشن کو ایک بار پھر ناکانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا اپوزیشن جماعتیں ملک میں جمہوریت اور حکومت کو عدم استحکام کاشکار کر نے کی سازشیں کر رہی ہیں مگر انکی یہ سازشیں ناکام ہی ہوں گی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پی ڈی ایم میں اتحاد اور یکجہتی کے دعوے کر رہی ہیں مگر حقیقت میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک وقوم نہیں صرف اپنے مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے اور ان میں اتحاد نام کی کوئی چیز نہیں