سپریم کورٹ کا پشاور میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم معطل ، بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ نے پشاور میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم معطل کرتے ہوئے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔ پیر کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بی آر ٹی تحقیقات رکوانے کیلئے کے پی حکومت کی اپیل پر سماعت کی۔ پشاور ہائی کورٹ نے ایف آئی اے کو پشاور میٹرو بس منصوبے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کی مجموعی لاگت اور تکمیل کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ بی آر ٹی منصوبے کی ابتدائی لاگت کتنی تھی؟ منصوبے کی تکمیل کی ابتدائی تاریخ کیا تھی آگاہ کیا جائے، بی آر ٹی منصوبہ کب پایہ تکمیل تک پہنے گا؟ ۔جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہاکہ کیا بی آر ٹی منصوبہ مکمل ہونے کی کوئی تاریخ ہے بھی یا نہیں؟ ۔ بعد ازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی