اسلام آبادمیں بلوچستان کے طلباءپر تشدد افسوسناک ہے،زبیدہ جلال
بلوچستان کے حوالے سے پالیسی پر حکومت اور آرمی سنجیدہ ہیں ، اب سابقہ غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی
تربت( پ ر) وفاقی وزیر دفاعی پیداوارزبیدہ جلال نے کہاکہ آرمی چیف کا تر بت میں5گھنٹے تک صبروتحمل اوربرداشت سے لوگوں کی باتیں اورتنقید سننا بڑی اورمثبت تبدیلی کاپیش خیمہ ہے ، بلوچستان کے حوالے سے پالیسی پر حکومت اور آرمی سنجیدہ ہیں ، اب سابقہ غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی، اسلام آبادمیں بلوچستان کے طلبائ پر تشدد افسوسناک ہے ، ذمہ داروں سے باز پرس کی جائے گی، ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز کیچ اسٹیڈیم میں بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے ایف سی بلوچستان سایتھ اور ضلعی انتظامیہ کیچ کے اشتراک سے کلچرل میگا ایونٹ کے دورے
کے موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ اسلام آبادمیں گزشتہ روز بلوچستان کے طلبائ پر تشدد کی تصویریں دیکھ کر بہت افسوس ہوا ، پولیس کو طلبائ کے ساتھ یہ رویہ نہیں اپنانا چاہیے تھا کیونکہ ایسے وقت میں جب حکومت بلوچستان کے عوام کی محرومیوں ومایوسیوںکے ازالہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے ایسے واقعات بلوچستان کے عوام کے دلوں میں نفرتیں جنم لینے کاموجب بنیں گی،جس کی میں نے اور شیرین مزاری نے کابینہ گروپ کے اندر مذمت کی ہے اور کہاہے کہ اس کے ذمہ داروں سے بازپرس کی جائے ،وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہاکہ موجودہ حکومت صوبہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے پرعزم اورسنجیدہ ہے بلوچستان کے ساتھ سابقہ ادوار کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی ، انہوں نے کہاکہ گوادر شپ بریکنگ یارڈ کے منصوبہ کوجلد عملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور عنقریب شپ یارڈ کی پوسٹیں مشتہرکی جائیں گی۔