گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے
تربت: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ تعلیم ہر ترقی کی بنیاد ہے اس حوالے سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقعوں کی فراہمی ، اعلیٰ تعلیم کو عام کرنے کیلئے تعلیمی ماحول کو فروغ دینے اور معیاری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں انہوںنے کہا کہ ہماری شعوری جدو جہد اور ذاتی خواہش اور کوشش کے باعث ہائر ایجوکیشن کو فروغ ملا ہے جس کی ایک زندہ مثال تربت یونیورسٹی ہے اس ضمن میں تربت یونیورسٹی نے بہت قلیل مدت میںاعلیٰ تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔وائس چانسلر اور اس کی ٹیم کی قابل ستائش کاوشوں سے تربت یونیورسٹی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز یونیورسٹی آف تربت کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات و ہائر ایجو کیشن میر ظہور احمد بلیدی ، وائس چانسلر تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر ، پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر نصیب اللہ بازئی سمیت فیکلٹی ممبرز بھی موجود تھے گورنر نے تربت یونیورسٹی کے ٹیچنگ اسٹاف سے ملاقات کی اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ گورنر بلوچستان نے تربت یونیورسٹی کے احاطے میں یونیورسٹی ماڈل اسکول ، نئے اکیڈمک بلاک اور نئے تعمیر شدہ ہال کا بھی افتتاح کیا ۔انہوںنے کہا کہ تربت یونیورسٹی میں 2017 میں گوادر میں اپنا سب کیمپس قائم کرنے کے بعد اب پنجگو ر میں اپنا سب کیمپس قائم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرے جس کے بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بعد ازاں گورنر بلوچستان نے تربت میڈیکل کالج کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ بھی کیا اور اس موقع پر گورنر نے کہا کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ جلد از جلد مذکورہ کالج پایہ تکمیل تک پہنچ سکے اور علاقے کے لوگ اس سے پوری طرح مستفید ہوسکےں۔ دریں اثناءگورنر بلوچستان نے وزیر اعظم پاکستان لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت تربت یونیورسٹی کے طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیئے ۔