کوئٹہ جامعہ بلوچستان کے سٹی سب کیمپس کا افتتاح گورنر بلوچستان
کوئٹہ جامعہ بلوچستان کے سٹی سب کیمپس کا افتتاح گورنر بلوچستان و چانسلر جامعہ بلوچستان جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ یاسین زئی نے کیا۔ اس موقع پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال، ڈین فیکلٹیز ، سینئر اساتذہ ، جامعہ کے رجسٹرار سمیت طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر بلوچستان نے کیمپس کا افتتاح کیا اور فزیوتھراپی لیب لیبارٹری ، فٹنس سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔ مختلف کلاس رومز کا جائزہ لیا، طلباء و طالبات سے بات چیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ سٹی کیمپس اعلیٰ تعلیم کی جانب اہم پیش رفت ہے اور اس سے طب کے شعبہ میںمستقبل میں دور رس نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔اور جامعہ بلوچستان نے محدود مدت میں سٹی کیمپس کو جدید تقاضوں سے آراستہ اور ایک اہم علمی درسگاہ بنا دیا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس ہوئی کہ یہاں کثیر تعداد میں طلباء و طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنا رہے ہیں اور بالخصوص طالبات کا رجحان تعلیم کی طرف راغب ہے اور یہ صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر کے کاوشوں اور ایچ ای سی کے تعاون سے جامعہ بلوچستان کومالی حوالے سے مستحکم کیا جارہا ہے اور یہ ملک و صوبے کیلئے اہم پیش رفت ہے افتتاحی تقریب سے جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ چانسلر جامعہ بلوچستان اور صوبائی حکومت کے تعاون سے جامعہ بلوچستان نے کنڈرات کو اعلیٰ تعلیمی درسگاہ میں بدل دیا ہے۔ جس کا مقصد صوبے کے طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیمی مواقع مہیا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی کیمپس میں پہلے مرحلے میں ڈاکٹر آف فارمیسی کے کچھ اہم شعبہ شعبہ جات کھولے گئے ہیں۔ جو کہ مارکیٹ سے مطابقت رکھتے ہیں اور ہمارے معاشرے میں جس کی سخت ضرورت تھی۔ اور یہاں تحقیق کے ساتھ مریضوں کا علاج بھی کیا جائے گا ۔افتتاحی تقریب سے سٹی کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شفیع محمد اور چیئر پرسن ڈاکٹر ماروی نے بھی خطاب کیا اور سٹی کیمپس کے تعلیمی اغراض و مقاصد پیش کئے ۔ صوبہ سند ھ کے جامعات سے آئے ہوئے تعلیمی ماہرین نے خصوصی طور پر شرکت کی اور سندھی اجرک اور ٹوپی گورنر بلوچستان اور وائس چانسلر کو پہنائے اور گورنر بلوچستان نے مہمان پروفیسر اور دیگر میں شیلڈ تقسیم کئے ۔