منشیات ٹیسٹ میں ناکامی، انگلینڈ کے کپتان کی الیکس ہیلز پر سخت تنقید

0 151

لندن انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے الیکس ہیلز پر منشیات کے ٹیسٹ میں دوسری بار ناکامی کے بعد الزام لگایا ہے کہ انہوں نے ٹیم کے اقدار کا بالکل خیال نہیں رکھا۔خیال رہے کہ الیکس ہیلز کو دوسری مرتبہ منشیات کے ٹیسٹ میں فیل ہونے پر انگلینڈ کے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔تاہم ان کی 21 روزہ پابندی کی خبر سامنے آنے کے بعد انگلینڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر الیکس ہیلز کو کرکٹ سے علیحدہ کیا جائے۔انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ نے زور دیا ہے کہ وہ الیکس ہیلز کی پابندی کی تفصیلات کو اپنے قواعد کی وجہ سے عوام میں نہیں لاسکتے۔ایون مورگن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے الیکس ہیلز کی حرکت کی وجہ سے ہمارے ٹیم کے اقدار کو ٹھیس پہنچی ہے، اس سے الیکس ہیلز اور ٹیم کے درمیان بھروسہ بھی ختم ہوگیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہفتے کے روز ہم سینئر کھلاڑیوں کے گروہ کے طور پر جمع ہوئے تھے تاکہ اس خبر سے ہماری ٹیم اور ہماری روایات پر پڑنے والے اثرات پر بحث کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام افراد اس بات پر متفق ہوئے کہ الیکس کو اسکواڈ سے نکالا جائے، میں نے یہ بات انگلینڈ کے ٹیم ڈائریکٹر ایشلے گلز سے کہی کیونکہ ہم خود سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتے تھے، میں صرف چینجنگ روم میں اپنا نظریہ دے سکتا ہوں کہ سب کیسا محسوس کر رہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اس سے نمٹ لیا ہے۔خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم میدان سے باہر کے تنازعات سے دور رہنے کی کوشش کر رہی ہے اور عالمی چیمپیئن بننے کے لیے پرعزم ہے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.