کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خطیر لاگت کے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کی تکمیل سے شہر کو نئی خوبصورتی ملے گی

0 145

کوئٹہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خطیر لاگت کے کوئٹہ ترقیاتی پیکج کی تکمیل سے شہر کو نئی خوبصورتی ملے گی اورشہری ایک مثبت تبدیلی محسوس کریں گے، ترقیاتی پیکج میں نئی سڑکوں کی تعمیر، مختلف سڑکوں کی توسیع، سیوریج کے نظام کی بہتری، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب، فٹ پاتھوں کی تعمیر اور سڑکوں کی خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپنی روڈ کے توسیعی منصوبے کے معائنے کے موقع پر شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزراء سردار عبدالرحمن کھیتران اور میر سلیم احمد کھوسہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو بہتر شہری سہولتیں ملیں گی، ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودی پر قابو پانے بھی مدد ملے گی، شہریوں کی جانب سے کوئٹہ ترقیاتی پیکج پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیاگیا، شہریوں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت صوبے کی پہلی حکومت ہے جس نے کوئٹہ کی بہتری کی جانب توجہ دیتے ہوئے عملی اقدامات کا آغاز کیا جو زمین پر نظر بھی آرہے ہیں، اس موقع پر شہریوں نے وزیراعلیٰ کی توجہ بعض مسائل کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی جس پروزیراعلیٰ نے موقع پر احکامات جاری کئے، وزیراعلیٰ نے کوئٹہ ترقیاتی پیکج میں شامل ایئرپورٹ روڈ، سپنی روڈ اور جوائنٹ روڈ کے توسیعی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا، پروجیکٹ ڈائریکٹر کمشنر کوئٹہ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی گئی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر تعمیراتی معیار کوبرقرار رکھنے، برساتی اور سیوریج نالوں کی صفائی اور سڑکوں کے کنارے شجر کاری کی ہدایت کی، انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو دیگر ترقیاتی اداروں سے رابطہ کرکے ان کے ترقیاتی منصوبوں کو سڑکوں کی تعمیر سے قبل مکمل کرانے کی ہدایت کی تاکہ بعد میں سڑکوں کی کھدائی نہ کرنا پڑے۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.