موغادیشو: افریقی یونین کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 اہلکار جاں بحق
موغادیشو: افریقی یونین کا فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 5 اہلکار جاں بحق
صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں واقع آدن ادے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے میں افریقی یونین کے 5 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر بالی ڈوگل ایئرفیلڈ سے اُڑا تھا اور لینڈنگ سے کچھ لمحے قبل ہی گر کر تباہ ہوگیا۔ گرنے کے فوراً بعد زوردار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور ہیلی کاپٹر شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں 8 افراد سوار تھے، جن میں سے پائلٹ، معاون پائلٹ اور ایک انجینیئر شدید زخمی ہوئے جبکہ باقی پانچ اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صومالی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ہیلی کاپٹر میں موجود گولہ بارود حادثے کے بعد پھٹ گیا، تاہم یہ ابہام برقرار ہے کہ گولہ بارود ہیلی کاپٹر میں تھا یا گرنے کی جگہ پر موجود تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر فضا میں اچانک گھومنے لگا اور پھر تیزی سے زمین کی جانب آ گرا۔ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ افریقی یونین کا AUSSOM مشن صومالیہ میں سرگرم ہے، جس میں یوگنڈا، کینیا اور دیگر افریقی ممالک کے 11 ہزار سے زائد فوجی شامل ہیں۔ ان کا مقصد الشباب جیسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف صومالیہ کی سکیورٹی فورسز کی مدد کرنا ہے۔
یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب صومالیہ کی سکیورٹی صورتحال بدستور تشویشناک ہے اور عالمی امن کوششیں جاری ہیں۔