سیکیورٹی خدشات: جنوبی وزیرستان اپر میں مکمل کرفیو نافذ
جنوبی وزیرستان اپر: سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جنوبی وزیرستان اپر میں آج صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام تحصیلوں میں شہریوں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تو دہ چینہ سے مکین، سراروغہ، کوٹکئی اور سپینکئی کے تمام روٹس بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ مکین تا کانی گرم اور شیروانگی تک آمدورفت بھی معطل کر دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں عزیز آباد چوک سے شین وارسک، مولا خان سرائے اور چگملائی کے داخلی و خارجی راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں۔ تاہم ایمرجنسی کی صورت میں صرف قومی شناختی کارڈ اور متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ سفر کی اجازت دی جائے گی۔
حکام کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھ کر اپنی گاڑی کم از کم 100 میٹر کے فاصلے پر روکیں اور ہر ممکن تعاون کریں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جا سکے۔