پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارت میں دوبارہ بلاک، تکنیکی خرابی قرار
نئی دہلی/اسلام آباد: بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اور یوٹیوب اکاؤنٹس کی عارضی بحالی کے بعد ایک بار پھر ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ بھارتی حکام نے اس پیش رفت کو تکنیکی خرابی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی صارفین اس وقت حیران رہ گئے جب ماورا حسین، صبا قمر، احد رضا میر، یمنیٰ زیدی اور دانش تیمور جیسے معروف پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس تک انہیں رسائی حاصل ہوئی۔ اس کے ساتھ ہی ہم ٹی وی، جیو، اور اے آر وائی ڈیجیٹل جیسے پاکستانی چینلز کے یوٹیوب پلیٹ فارمز بھی بھارت میں بلا رکاوٹ دستیاب ہو گئے، جس سے تاثر ملا کہ پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔
تاہم بھارتی حکام نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی اکاؤنٹس کی بحالی دراصل ایک “تکنیکی خرابی” کا نتیجہ تھی، اور انہیں دوبارہ بلاک کرنے کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جون 2024 میں کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد بھارت میں پاکستان مخالف جذبات میں شدت آ گئی تھی، جس کے بعد کئی پاکستانی اداکاروں، یوٹیوبرز اور میڈیا ہاؤسز کے اکاؤنٹس پر الزام لگایا گیا کہ وہ بھارت کے خلاف مواد شائع کر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں ان پر سخت پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔