جلوس کے روٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات قابلِ افسوس ہے، کاشف حیدری
کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ جلوس کے روٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات نہایت قابلِ افسوس ہیں، عاشورا و دیگر مرکزی جلوسوں و مجالس میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، یہ بات انہوں نے ساتویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی صورتحال ناقص کارکردگی کی وجہ گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی مایوس کن رہی ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ایک مرتبہ پھر ساتویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس سے قبل پرنس روڈ اور آرٹ اسکول روڈ کے کارنر پر اس سے ملحقہ گزرگاہوں پر صفائی کے ناقص اور غیر تسلی بخش انتظامات نے صفاء کوئٹہ کی نااہلی کو بے نقاب کیا ہے، انہوں نے کہا کہ صفائی کی ذمہ داری صفاء کوئٹہ کی ہے اور عزاداروں کے جذبۂ عقیدت کو سہولت میں بدلنے کے بجائے انہیں مسائل کا شکار کیا گیا، جو قابلِ افسوس ہے۔ کاشف حیدری نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کوئٹہ شہر خصوصاً جلوس کی گذرگاہوں پر صفائی ستھرائی کے خصوصی اقدامات کریں اور آئندہ کے لیے مستقل بنیادوں پر صفائی کے نظام کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ روشنی دیگر شہری سہولیات کی فراہمی میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی ذمہ داری ہے، لہٰذا وہ اپنی ذمہ داریوں کو محض فائلوں تک محدود رکھنے کے بجائے میدانِ عمل میں نظر آئے تاکہ ایامِ عزاء میں عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ساتویں محرم کا جلوس مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ برآمد ہوا، جس میں ہزاروں عزاداروں، ماتمی انجمنوں اور ذاکرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر عزاداروں کے لیے سبیلیں، لنگر اور میڈیکل کیمپس لگائے گئے جبکہ مختلف مقامات پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے کے اہلکار تعینات تھے۔ انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عاشورہ و دیگر مرکزی جلوس اور مجالس کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی جائے۔