شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ حکومت کھڑی ہے، زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کیا جائے گا،وزیرعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس نے شرکت کی اور شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے تفصیلی حقائق پیش کیے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بحالی امن کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ عوام و میڈیا کو حکومتی اقدامات اور سیکیورٹی حقائق سے آگاہ کریں۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں اور عوام پر زور دیا کہ موجودہ تھریٹ الرٹ کے دوران سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے ذمہ دار دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سانحہ کے شہداء کے اہل خانہ کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین علاج اور سہولیات دینے کی ہدایت کی اور شدید زخمیوں کو فضائی سروس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو کسی بھی صورت بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید برآں، وزیر اعلیٰ نے 12 ربیع الاول کے پروگرامز کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کرنے کی ہدایت کی اور عوام سے اپیل کی کہ جلوسوں اور اجتماعات کے دوران حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔