پاکستان میں اب تک کسی شہری میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی، وفاقی سیکرٹری صحت
اسلام آباد (این این آئی)وفاقی سیکریٹری صحت نے کہاہے کہ ملک بھر سے 8 مشتبہ کیسز این آئی ایچ کو موصول ہوئے ہیں ، پاکستان میں کسی ایک بھی شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔وفاقی سیکرٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش کی زیرصدارت نوول کورونا ایمرجنسی کورگروپ کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا وائرس روک تھام کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت نے کہا کہ تمام ائیر پورٹس پر عملہ مسافروں کی اسکریننگ مستعدی سے کررہا ہے، بندرگاہوں اورا نٹری پوائنٹس پر اسکریننگ کے لیے تمام ضروری آلات اور انتظامات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے صوبوں کیساتھ مل کر مؤثر اقدامات کررہی ہے، وائرس سے نمٹنے کے لیے ہرممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری صحت نے کہا کہ ملک بھر سے اب تک 8 مشتبہ کیسز قومی ادارہ برائے صحت (این آئی ایچ )کو موصول ہوئے ہیں لیکن پاکستان میں کسی ایک بھی شہری میں کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔ڈاکٹر اللہ بخش نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والی تمام پروازوں کے مسافروں کوتھرمل اسکینر سے گزارا جارہاہے، ائیر پورٹ، اسپتالوں میں عملے کوکوروناکے مشتبہ اور تصدیق شدہ کیس سے نمٹنے کی ٹریننگ دی ہے۔