مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں،وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی اور اپنے حق خود ارادیت کی جنگ لڑرہے ہیں اوروہ وقت دورنہیں جب انہیں اپنی جدوجہد میں کامیابی نصیب ہوگی جس کیلئے اب تک ہزاروں جوان،بچے،بزرگ اورعورتیں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ خطے میں امن کا خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوسکتاہے جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے، کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت
کشمیرپرزبردستی قبضے کے ذریعہ کشمیری عوام کے حقوق کوپامال کرتے ہوئے بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اب بھارت کامکروہ چہرہ دنیا کے سامنے زیادہ دیر تک چھپانہیں رہے گا اورنہ ہی وہ کشمیریوں کی آواز کومزید دباسکتاہے۔وزیراعلیٰ نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت کے مظالم کانوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوایا جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اخلاقی اورسفارتی حمایت کشمیریوں کوکل بھی حاصل تھی اورآئندہ بھی رہے گی،پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارمیں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اورہماری دُعائیں اوراخلاقی حمایت ان کے ساتھ ہے وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور مقبوضہ کشمیر معتصب بھارتی ریاستی جبر سے آزاد ہوگا اور دنیا کے افق پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرے گا