کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں،جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے یوم یکجہتی کشمیر 5 فروری کے حوالے سے اپنے جاری کردہ بیان کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے آزادی کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں، لیکن بھارتی قابض افواج ان کی آواز کو دبانے کے لیے ظلم و جبر کا سہارا لے رہی ہیں کشمیریوں نے جہدوجہد آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دیں اور مظالم برداشت کیے،76 برسوں سے بھارت غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کو ڈرانے اور دبانے کی مذموم مہم چلا رہی ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کے لوگ ان تمام انسانیت سوز سلوک اور مظالم کے باوجود اپنے وطن کی آزادی کیلئے جہدوجہد کر رہے ہیں ہم پاکستان کے عوام ان کی تحریک آزادی کی عظیم جہدوجہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں بلکہ بین الاقوامی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق، یعنی حق خودارادیت، دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔