تربت صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ

0 123

تربت صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ڈینگی کی وبا ء کے خاتمے کیلئے محکمہ صحت کو ضروری وسائل فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ میڈیاکا فرض ہیکہ اس حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا کرے تاکہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس موذی مرض سے بچ سکیں ۔ اس دوران انہوںنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور محکمہ صحت کی فنڈنگ میں اس حوالے سے خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے اس دوران انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا ضلع کیچ اس وقت ڈینگی کے مرض سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں پر اب تک 319 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس مرض سے 3افراد ہلاک ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ ضلعی ہیلتھ آفیسران کو ادویات اور ٹیسٹ تشخیص کرنے کیلئے کٹ فراہم کیئے گئے ہیں جبکہ میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں کو متاثرہ جگہوں پر کیمیکل کا چھڑ کاؤ اور فوگنگ کے احکامات دیئے گئے ہیں جسکے بعد فوگنگ کی مہم ضلع بھر میں شروع کی گئی ہے امید کی جاسکتی ہے کہ ان اقدامات کے نتیجے میں 2مہینے کے اندر ضلع کیچ میں ڈینگی کے وائرس کا خاتمہ ہوگا ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ کے تمام تحصیلوں کیلئے اسپرے اور فوگنگ کے مزید مشینری خرید ی جائینگی تاکہ دیہات اور مضافاتی علاقوں میں باقاعدگی کے ساتھ فوگنگ کی جاسکے ۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کیچ ذیشان سکندر نے میڈیا کے نمائندوں کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی وائرس کے تدارک کیلئے اپنے اقدامات کے بارے میں آگاہی بھی دی۔قبل ازیں ڈی ایچ او ہیلتھ ڈاکٹر فاروق رند نے محکمہ صحت ضلع کیچ کی جانب سے صوبائی وزیر اطلاعات کو بریفنگ بھی دی اور ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اپنی حکمت عملی سے ان کو آگاہ کیا جبکہ صوبائی وزیر نے انہیں دیگر سرکاری محکموں اور پرائیوٹ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بھی تلقین کی ۔ اس دوران میٹنگ میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر داؤد ریاض اور ملیریا کنٹرول پروگرام کے ضلعی کو آرڈینیٹر ڈاکٹر حمید نے بھی صوبائی وزیر اطلاعات ظہور احمد بلیدی کو اپنے ادارے کی جانب سے ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے اپنے منصوبوں کے بارے میں آگاہی دی۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.