حکومت کی جانب سے ریلیف کی مد میں اربوں روپے کے اجراء سے معیشت کو تقویت ملے گی ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن
لاہور (آن لائن)پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ ریفنڈ کی مد میں ادائیگی سے مارکیٹ سے سرمائے کی قلت دور ہو گی ،کوروناوائرس کی وجہ سے آنے والی مشکلات میں حکومت کی جانب سے ریلیف کی مد میں اربوں روپے کے اجراء سے معیشت کو تقویت ملے گی اور معاشی سر گرمیاں عروج پکڑیں گی،حکومت سے اپیل ہے کہ کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں کیلئے خصوصی ریلیف پیکج جاری کیا جائے۔ان خیالات کا اظہارایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر ، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،وائس چیئرمین شیخ عامر خالد سعید، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجاز الرحمان اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کیا ۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان پر مشکل وقت ضرور ہے لیکن ہمیں مایوس ہونے کی بجائے بہتر مستقبل کیلئے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ چلنا ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے مختلف شعبوں کو ریلیف دینے کیلئے بروقت اقدامات کا اعلان کیا ہے جس سے کوروناوائرس کی وجہ سے معیشت پر پڑنے والے منفی اثرات کو زائل کرنے میں مدد ملے گی ۔ حکومت موجودہ حالات میں ٹیکسز اور پالیسی ریٹ کی شرح کو مزید کم کرے ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں کو متحرک کیا جائے او رانہیں برآمد ات بڑھانے کا ٹاسک سونپا جائے ،کورونا کی وباء تھمنے کے بعد ہم سب کو نئے جوش و جذبے کے ساتھ میدان عمل میں آنا ہوگا۔ ایسوسی ایشن کے رہنمائوں نے کہا کہ لاک ڈائون اور کاروبار بند ہونے کی وجہ سے کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ ہنر مند بھی بری طرح متاثر ہوئے ہیں ، کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ ہنر مندوں کی تعداد پہلے ہی انتہائی کم ہے اوراگر حکومت موجودہ حالات میں ان کا سہارا نہ بنی تو ہمیں آنے والے دنوں میں اس انڈسٹری کیلئے ہنر مند دستیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت سے پرزور مطالبہ ہے کہ کارپٹ انڈسٹری کے ہنر مندوں کیلئے خصوصی پیکج کا اجراء کیا جائے ۔