بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،24دکانوں کو جرمانے
کوئٹہ(سٹاف رپورٹر)ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کا کوئٹہ شہر کے مختلف مضافات ، ضلع ڑوب اور لورالائی میں سحر و افطار پوائنٹس کی چیکنگ کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔اس ضمن میں قوانین کی خلاف ورزیوں پر کوئٹہ میں 19 ، ڑوب میں 1 جبکہ لورالائی میں 4 خوراک کے مراکز پر جرمانے عائد کیے گئے۔ جرمانہ کیے گئے مراکز میں بیکریاں ، ریسٹورنٹس ، جنرل اسٹورز ، نان شاپس ، ڈرائی فروٹ کی دکانیں اور ہولسیل ٹریڈرز شامل تھے۔
دوران انسپیکشن متعدد کریانہ اسٹورز اور بیکریوں سے زائد المعیاد مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی گئی۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے محمد نعیم بازئی کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ غیر معیاری خوراک کے کاروبار اور ملاوٹ مافیا کی بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں،خوراک کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ناقص اجزائ کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔ملاوٹ اور جعلساز مافیا کا قلع قمع کرنے کے لیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں مختلف شفٹوں میں سرگرم ہیں ، ماہ صیام میں خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔ عوام سے بھی گزارش ہے کہ مضر صحت کھانے پینے کی اشیاءکے مکمل تدارک میں اتھارٹی کا ساتھ دیں۔