میر ضیاء اللہ لانگو کا کوئٹہ شیخ زاہد ہسپتال میں قائم کورونا ویکسینیشن مرکزکا اچانک دورہ
کوئٹہ (ویب ڈیسک)صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے آج کوئٹہ شیخ زاہد ہسپتال میں قائم کورونا ویکسینیشن مرکزکا اچانک دورہ کیا اور بزرگ شہریوں کو انسداد کورونا ویکسین لگانے کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ وزیر داخلہ نے ایکسپو سنٹر میں انسداد کورونا ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگ شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے شیخ زاہد ہسپتال میں ویکسینیشن کرنے والے ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا اور ان سے گفتگو کی۔ وزیر داخلہ نے ویکسینیشن کیلئے موجود بزرگ شہریوں کی خیریت دریافت کی اور ایکسپو سنٹر میں موجود سہولتو ں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ بزرگ شہریوں نے شیخ زاہد ہسپتال میں دستیاب سہولتوں پر اطمینان کااظہار کیا۔ بزرگ شہریوں نے وزیر داخلہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے شیخ زاہد ہسپتال میں بہترین انتظامات کئے ہیں۔ ہمیں یہاں علاج کراتے ہوئے کسی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں۔ یہاں عزت کے ساتھ ویکسین لگائی جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ویکسینیشن کیلئے مثالی انتظامات کرنے پر اجر دے اور دکھی انسانیت کی مزید خدمت کی توفیق دے۔ ویکسینیشن کیلئے آنے والے بزرگوں کے عزیز اقارب نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ حکومت نے بزرگ شہریو ں کی ویکسینیشن کیلئے اچھے انتظامات کئے ہیں۔ ہم صوبائی حکومت کے انتظامات کو سراہتے ہیں اور ان انتظامات کیلئے آپ اور وزیر اعلیٰ جام کمال کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بلوچستان بھر میں انسداد کورونا ویکسین لگانا شروع ہو چکا ہے جس کیلئے ہر ضلع میں سنٹرز قائم کئے جائینگے اور انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے چیزوں کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ بزرگ شہریوں کی عزت و احترام کے ساتھ ویکسینیشن اور علاج معالجہ کی جا رہی ہے۔ حکومت عوام کو کورونا سے بچانے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ کورونا کی حالیہ لہر خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ ان حالات میں اجتماعات دانشمندی نہیں۔ ہم سب کو اولین ترجیح کے طور پر شہریوں کی زندگیوں کا تحفظ کرنا ہے۔ ذاتی مفادات کیلئے انسانی زندگی سے کھیلنا سنگدلی سے کم نہیں۔