موجودہ حکومت ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعلی بلوچستان
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ماحول کا تحفظ ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ صاف ستھرا ماحول ایک صحت مند معاشرے کا ضامن ہے۔ موجودہ حکومت ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلی نے عالمی یوم ماحولیات کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی نظام کی بہتری اور بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کے
تحت شجر کاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ ماحولیات کی جانب سے ماحول دوست اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے اینٹوں کے بھٹوں کی زگ زیگ ماڈل پر منتقلی اور کان کنی کے کرش پلانٹس کی شہر سے باہر تنصیب پر کام جاری ہے جبکہ حب میں سٹیٹ آف دی آرٹ انوائرمنٹل اسسمنٹ اینڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کی منظوری بھی دے دی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ ایکو سسٹم کی بحالی کے لیے بلوچستان انوائرمنٹل سی ایس آر پالیسی 2021 کا ڈرافٹ بھی تیار کیا گیا ہے اسی طرح بلوچستان انوائرمنٹل پروٹیکشن
ایکٹ بھی نظر ثانی کے لیے زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ جبکہ مختلف ماحولیاتی شعبوں اور امور سے متعلق 18 سے زائد ضوابط کی تیاری عمل میں لائی گئی ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ اس سال عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے چاہیے کیونکہ ماحول کی بہتری میں ہی ہم سب کی بقا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ سے نمٹنے کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔