بزور طاقت پالیسیاں نہیں مانتے،عیدالاضحی کے دن بھی احتجاج ہوگا ،ایکشن کمیٹی
کوئٹہ (پ ر )ایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کا اجلاس زیر صدارت حاجی عبدالغفار لانگو منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جنرل سیکرٹری مرتضیٰ ترین نے تاحال ہونیوالی پیشرفت بارے شرکاءکو بریفنگ دی جبکہ تمام شرکاءسے آئندہ کے لائحہ عمل بارے تجاویز بھی طلب کی گئی ۔ اجلاس کے شرکاءکا کہنا تھا کہ بلوچستان کی اخباری صنعت ہزاروں افراد کو روزگار مہیا کررہی ہے ایک ماہ کے احتجاج کے باوجود پرنٹ میڈیا کے مسائل کے حل میں کوئی پیشرفت نہ ہونا حکومتی بے حسی کو ظاہر کرتا ہے۔ شرکاءکا کہنا تھا کہ ہم اخباری صنعت کی بقاءکی جنگ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ،جب تک حکومت اشتہارات کو BPPRA پر منتقل کرنے کی کوشش کو ترک ،اخبار مارکیٹ کے فنڈز کا اجراءاور دیگر مسائل پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرے گی بلوچستان کا حقیقی پریس احتجاج ختم نہیں کرے گا اور بزور طاقت کسی بھی قسم کی پالیسی لاگو کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کی جائے گی ۔اجلاس کے دوران کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جو کوئٹہ پریس کلب ،بی یو جے ،اے پی این ایس، سی پی این ای کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گی ۔ اجلاس میں شریک مدیران کی تجاویز کی روشنی میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بھی احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا عید الاضحیٰ کے روز بھی کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ کا انعقاد اور مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ کے بعد سخت احتجاجی تحریک چلائے جائے گی ۔دریں اثناءایکشن کمیٹی اخباری صنعت بلوچستان کے علامتی احتجاجی کیمپ کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں اخبارات و جرائد کے مدیران کی کثیر تعداد موجود رہی ۔