پنجاب میں سیلاب سے 46 اموات، 37 لاکھ افراد متاثر
لاہور: پنجاب میں حالیہ بارشوں اور دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلابی ریلوں کے باعث صورتحال سنگین ہوگئی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کی رپورٹ کے مطابق اب تک 46 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 3900 سے زائد موضع جات سیلاب کی لپیٹ میں آئے ہیں۔
سیلاب سے مجموعی طور پر 33 لاکھ 63 ہزار افراد متاثر ہوئے جبکہ 12 لاکھ 92 ہزار افراد کو ریسکیو ٹیموں نے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ متاثرہ علاقوں میں 405 ریلیف کیمپس، 425 میڈیکل کیمپس اور 385 ویٹرنری کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں اب تک 7 لاکھ 99 ہزار مویشی بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔
منگلا ڈیم 83 فیصد، تربیلا ڈیم 100 فیصد تک بھر چکا ہے جبکہ بھارتی ڈیمز میں بھاکڑا 84 فیصد، پونگ 98 فیصد اور تھین ڈیم 92 فیصد بھرنے کی اطلاع ہے۔
ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہریوں اور کسانوں کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں 101 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔