میانوالی ایئربیس پر کومبنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 9 دہشتگرد ہلاک
میانوالی ایئربیس پر کومبنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 9 دہشتگرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ کے تربیتی میانوالی ایئربیس پر کومبنگ اور کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ تمام 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آج صبح بیس پر بزدلانہ اور ناکام دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ حملے کے بعد نواحی علاقے میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے پوری کامیابی کے ساتھ یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن مکمل کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے متحرک آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا، حملے کے دوران صرف 3 متروک، ناقابل استعمال اور غیر آپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج کا حملہ نہ صرف
اس منظم مزاحمت کے پیمانے کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس کے روابط اور تانے بانے بھی واضح کرتا ہے۔ پاکستان کے عوام کو ایسے وقت میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ بعض طاقتیں مجرمانہ نظام کے خاتمے اور غیر قانونی غیر ملکیوں کے ساتھ ان کے روابط کے خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان کی جاری حالیہ کارروائیوں سے خوش نہیں ہیں۔ ہمیں انتہا پسندی، سرحد پار نقل و حرکت، اسمگلنگ اور دہشت گردی کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بدنام زمانہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ جیسی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے خلاف مشترکہ سماجی آپریشن کرنا ہوگا۔ فوج دہشت گردوں سے نمٹ لے گی تاہم عوام کو ان کے سہولت کاروں، معاونین اور سماجی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔