شکور خان اچکزئی کی زمینوں کی غیر مقامی افراد کو الاٹمنٹ کے خلاف سینٹ میں تحریک التواء جمع
اسلام آباد: سینیٹر شکور خان اچکزئی نے سینٹ میں ضابطہ 85 کے تحت تحریک التواء جمع کرائی ہے جس میں ضلع پشین ، قلعہ قلعہ عبداللہ اور ضلع چمن کی لاکھوں ایکڑ اراضی غیر مقامی افراد کو معدنیات کی تلاش کے نام پر الاٹمنٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹر شکور خان نے تحریک میں نشاندہی کی کہ مقامی لوگوں کی زمینیں غیر مقامی افراد کو الاٹ کی جا رہی ہیں جس سے علاقے میں کشیدگی اور خونریزی کا خطرہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے حالیہ فیصلے میں مقامی لوگوں کے حق میں فیصلہ سنایا ہے، مگر اس کے باوجود زمینیں غیر مقامی افراد کو دی جا رہی ہیں، جس سے مقامی لوگوں کے حقوق پر کاری ضرب لگائی جا رہی ہے۔ سینیٹر شکور خان نے حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے اور اس معاملے پر سینٹ میں تفصیلی بحث کی اجازت طلب کی ہے تاکہ اس سنگین مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔